نیشنل انڈر 17 کپ کا کل سے آغاز، 18 ریجنل ٹیمیں مدمقابل ہوں گی

image

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام نیشنل انڈر 17 کپ 26-2025 کا آغاز کل 16 اپریل سے ہوگا جس میں ملک بھر سے 18 ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی۔ٹورنامنٹ 16 اپریل سے 13 مئی تک جاری رہے گا جبکہ میچز چارسدہ، فیصل آباد، پشاور اور سیالکوٹ میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کے منتخب میچز کو پاکستان کرکٹ کے آفیشل پلیٹ فارم پر لائیو اسٹریم بھی کیا جائے گا۔

ٹورنامنٹ میں 270 نوجوان کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے جبکہ ٹیموں کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر ٹیم گروپ مرحلے میں پانچ، پانچ میچز کھیلے گی۔گروپ مرحلے کے بعد تینوں گروپس کی ٹاپ ٹیمیں ٹرائنگولر مرحلے میں رسائی حاصل کریں گی جو 2 سے 9 مئی تک جاری رہے گا۔ ایونٹ کا فائنل 11 سے 13 مئی تک تین روزہ میچ پر مشتمل ہوگا۔

انعامی رقم کے طور پر مجموعی طور پر 17 لاکھ 75 ہزار روپے رکھے گئے ہیں جس میں فاتح ٹیم کو 10 لاکھ روپے جبکہ رنر اپ کو 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کو 75 ہزار روپے جبکہ بہترین بیٹر، باؤلر، وکٹ کیپر اور فائنل کے بہترین کھلاڑی کو 50 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔

سیالکوٹ کے ایس او ایس گراؤنڈ، پشاور کے شمع گراؤنڈ اور فیصل آباد کے سعید اجمل اکیڈمی گراؤنڈ سے میچز کی لائیو اسٹریمنگ کی جائے گی۔

گروپ اے میں فیصل آباد، لاہور وائٹس، اسلام آباد، ایبٹ آباد، حیدرآباد اور لاڑکانہ شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں ملتان، راولپنڈی، آزاد کشمیر، بہاولپور، پشاور اور کراچی وائٹس شامل ہیں۔گروپ سی میں سیالکوٹ، فاٹا، ڈیرہ مراد جمالی، لاہور بلیوز، کراچی بلیوز اور کوئٹہ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US