پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کے اعلان میں تاخیر کردی

image

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کے اعلان میں تاخیر کردی ہے کیونکہ اب تک بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے اگلے ماہ ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی تاریخوں اور مقامات کے حوالے سے حتمی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔

باخبر ذرائع کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ جیسے ہی شیڈول کی تصدیق کرے گا، پی سی بی نئے ہیڈ کوچ کے نام کا باضابطہ اعلان کردے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان سرفراز احمد کو نیا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ پہلے ہی کیا جاچکا ہے جو اس وقت لاہور میں ریڈ بال کرکٹرز کے کیمپ کی نگرانی کررہے ہیں۔ سرفراز احمد قومی سلیکٹر کے ساتھ ساتھ ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔

سیریز کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ شان مسعود ہی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے اور وہ پی ایس ایل کے اختتام پر کیمپ جوائن کریں گے۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ سرفراز احمد اور شان مسعود بطور کوچ اور کپتان ایک ساتھ کام کریں گے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ یہ سیریز ممکنہ طور پر 8 اور 16 مئی سے شروع ہوگی، جس کے بعد پاکستان کو رواں سال ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف بھی ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہیں۔ قومی سلیکٹرز پی ایس ایل کے اختتام پر ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US