آسٹریلوی کوچ کے ساتھ مذاکرات ناکام، ہاکی فیڈریشن کا مقامی کوچز پر انحصار کا فیصلہ

image

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے آسٹریلیا کے مایہ ناز کوچ کالن بیچ کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کے بعد ایک بار پھر مقامی کوچز پر انحصار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پی ایچ ایف نے ہیڈ کوچ منظور الحسن کے ساتھ خواجہ جنید، محمد وسیم، عدنان ذاکر، شکیل عباسی اور مظہر عباس کو کوچنگ پینل میں شامل کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑی ان تقرریوں پر تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ ایف آئی ایچ پرو نیشنز کپ اور ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹس کے لیے غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کرنا ضروری تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کالن بیچ کے ساتھ ابتدائی بات چیت کو سنجیدگی سے آگے نہیں بڑھایا گیا، جس کی وجہ سابق کھلاڑیوں کے ایک گروہ کا اثر و رسوخ بتایا جاتا ہے جو غیر ملکی کوچز کی تقرری کی مخالفت کرتا رہا ہے۔

کھلاڑیوں کا مؤقف ہے کہ آٹھ سال بعد ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیم کے لیے انہی کوچز کو دوبارہ لایا گیا ہے جو ماضی میں کوئی خاطر خواہ نتائج دینے میں ناکام رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے والے منظور الحسن کی عمر 74 سال ہے اور انہوں نے آخری بار 1984 میں بین الاقوامی ہاکی کھیلی تھی، جس کی وجہ سے ٹیم کے مستقبل اور جدید ہاکی کے تقاضوں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US