ناقابل شکست پشاور زلمی کا مقابلہ آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا

image

پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں اب تک کی ناقابلِ شکست ٹیم پشاور زلمی کا مقابلہ آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔

بابر اعظم کی کپتانی میں کھیلنے والی زلمی کے لیے آج کا میچ ایک کڑا امتحان ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بالرز ناہید رانا اور شرف الاسلام کو نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کی تیاری کے لیے واپس بلا لیا ہے۔

پشاور زلمی اب تک کھیلے گئے چھ میں سے پانچ میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، جبکہ ان کا ایک میچ بارش کی نذر ہوا تھا۔ دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پانچ میں سے صرف دو میچ جیت پائی ہے اور اسے تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق زلمی کی فتوحات میں نوجوان اسپنر سفیان مقیم (13 وکٹیں) اور افتخار احمد (9 وکٹیں) نے اہم کردار ادا کیا ہے، تاہم گزشتہ پانچ مقابلوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا پلہ بھاری رہا ہے جس نے زلمی کو چار بار شکست دی ہے۔

پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن میں سری لنکا کے کوسل مینڈس شاندار فارم میں ہیں، جو گزشتہ تین میچوں میں دو نصف سنچریاں اور ایک سنچری اسکور کر چکے ہیں، جبکہ کوئٹہ کی جانب سے حسن نواز اب تک بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

پشاور زلمی ان اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں اپنی برتری برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US