پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج دن بھر تیزی کا رجحان برقرار رہنے کے بعد کاروبار کا اختتام بھی مثبت زون میں ہوا۔کاروبار کا آغاز 1,486 پوائنٹس کے اضافے سے ہوا جبکہ دورانِ ٹریڈنگ مارکیٹ میں 2,300 سے زائد پوائنٹس کی نمایاں تیزی بھی دیکھی گئی۔
ٹریڈنگ کے دوران 169,000 پوائنٹس کی حد بحال ہو گئی جبکہ 170,000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی کئی بار عبور کی گئی تاہم اسے برقرار نہ رکھا جا سکا۔
کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 1,392 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 169,912 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کی وصولی اور ایران-امریکا جنگ بندی مذاکرات میں پاکستان کے کردار سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
بروکرز کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 11,500 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو مارکیٹ میں جاری مثبت رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر 1 پیسے سستا ہو کر 278 روپے 95 پیسے پر بند ہوا۔