نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں آج ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چھٹے ڈبل ہیڈر کے موقع پر بریسٹ کینسر کی آگاہی کے لیے 'پنک ڈے' منایا جائے گا۔
پاکستان کے پہلے بریسٹ کینسر چیریٹی اسپتال 'پنک ربن' کے اشتراک سے منعقد ہونے والی اس مہم میں آج کے دونوں میچز کے دوران تمام کھلاڑی اور آفیشلز پنک کیپس اور پنک ربنز پہن کر میدان میں اتریں گے۔ اس خصوصی دن کی مناسبت سے سٹمپس اور تمام گرافکس کو بھی پنک (گلابی) رنگ میں رنگ دیا گیا ہے۔
آج کے پہلے میچ میں حیدرآباد کنگز مین اور راولپنڈیز کا مقابلہ ہوگا، جبکہ دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدمقابل ہوں گی۔ اس مہم کو تقویت دینے کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں فاطمہ ثنا، سیدہ عروب شاہ، رامین شمیم اور منیبہ علی کو بھی مدعو کیا گیا ہے، جو میچز سے قبل چاروں ٹیموں کے وارم اپ سیشنز میں شرکت کریں گی۔
پاکستان میں کینسر کے مجموعی کیسز میں بریسٹ کینسر کی شرح سب سے زیادہ ہے، جس کے پیش نظر اس مہم کا بنیادی مقصد بیماری کی جلد تشخیص اور اس کے خلاف ثابت قدمی سے لڑنے کا پیغام عام کرنا ہے۔
شائقینِ کرکٹ سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ آج رات آٹھ بجے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ہیش ٹیگ #GoPink کا استعمال کرتے ہوئے اس مہم کا حصہ بنیں۔