فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باوجود ایرانی ٹیم آئندہ ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔
ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے گیانی انفینٹینو نے واضح کیا کہ ایران نے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے اور کھلاڑی اپنی قومی ٹیم کی نمائندگی کے لیے پرعزم ہیں اس لیے انہیں ٹورنامنٹ میں شرکت کا پورا موقع ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے ورلڈ کپ تک خطے کی صورتحال بہتر ہو جائے گی اور امن قائم ہوگا۔ انفینٹینو کے مطابق فٹبال کا کردار ممالک کے درمیان رابطے اور تعلقات مضبوط بنانے میں اہم ہے۔
فیفا صدر نے حال ہی میں ترکی کے شہر انطالیہ میں ایرانی ٹیم سے ملاقات بھی کی جہاں انہوں نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے ایک مضبوط سائیڈ قرار دیا۔انفینٹینو نے اعتراف کیا کہ کھیل کو سیاست سے مکمل طور پر الگ رکھنا ہمیشہ ممکن نہیں ہوتا تاہم فٹبال مختلف قوموں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایران کو ورلڈ کپ میں شرکت سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ آئندہ ورلڈ کپ کی میزبانی امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کریں گے جبکہ ایران کے میچز امریکا کے مختلف شہروں میں شیڈول ہیں۔