پاکستان انڈر 18 ہاکی ٹیم کی تشکیل کے لیے پنجاب بھر سے آئے ہوئے کھلاڑیوں کے ٹرائلز لاہور کے ڈیفنس ایرینا میں واقع 'منظور الحسن اکیڈمی' میں منعقد ہوئے۔
اس موقع پر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اور دیگر اراکین نے کھلاڑیوں کی مہارت کا بغور جائزہ لیا۔ اس موقع پر سلیکشن کمیٹی اولمپین سمیع اللہ خان، اولمپین ناصر علی، اولمپین کاشف جواد، اولمپین عاطف بشیر اور اولمپین ایم خالد، انڈر 18 کے ہیڈ کوچ اولمپین قمر ابراہیم اور اسسٹنٹ کوچ اولمپین ریحان بٹ موجود تھے۔ جبکہ اولمپین منظور الحسن (پاکستان سینئر ٹیم کوچ) اور اولمپین ایاز محمود (پاکستان جونیئر ٹیم کوچ) نے بحیثیت آبزرور خصوصی طور پر شرکت کی۔
ٹرائلز میں پنجاب کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 87 کھلاڑیوں نے رپورٹ کیا۔ کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس اور کھیل کی تکنیک کو جانچنے کے لیے پانچ سیشنز منعقد کیے گئے، جن میں ہر ہاف کا دورانیہ 30 منٹ رکھا گیا تھا۔
پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ ان ٹرائلز کا مقصد نچلی سطح پر بہترین ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے تاکہ پاکستان ہاکی کا مستقبل روشن کیا جاسکے۔