پاکستان سپر لیگ کے 11 ویں ایڈیشن میں راولپنڈی کی ٹیم کو مسلسل چھٹی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں حیدرآباد کنگز مین نے انہیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔
محمد رضوان کی قیادت میں راولپنڈی کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 121 رنز بنا سکی۔
ٹیم کی جانب سے سیم بلنگز 26 اور یاسر خان 24 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ حیدرآباد کے بالرز محمد علی اور حنین شاہ نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں حیدرآباد کنگز مین نے 122 رنز کا ہدف 16.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔ ایک موقع پر حیدرآباد کی 5 وکٹیں 69 رنز پر گر چکی تھیں، تاہم کوسل پریرا کے 32 اور عرفان خان نیازی کے ناقابل شکست 34 رنز نے ٹیم کو لگاتار تیسری فتح دلوا دی۔
دوسری جانب بدھ کی شب کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 154 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جس کے تعاقب میں پشاور زلمی نے کپتان بابر اعظم کے شاندار 71 رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنا کر حاصل کرلیا۔
پشاور زلمی اس ٹورنامنٹ کی اب تک کی واحد ٹیم ہے جسے کسی میچ میں شکست نہیں ہوئی اور یہ ان کی مسلسل چھٹی کامیابی ہے۔