مسلسل انجریز کے بعد میدان میں واپسی ایک مشکل مرحلہ تھا، حنین شاہ

image

نوجوان فاسٹ بالر حنین شاہ نے کہا ہے کہ مسلسل انجریز کے بعد میدان میں واپسی ایک مشکل مرحلہ تھا، تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور محنت جاری رکھی۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ عرصے میں ڈومیسٹک کرکٹ زیادہ نہ کھیلنے کے باعث انہوں نے این سی اے (نیشنل کرکٹ اکیڈمی) میں رہ کر پی ایس ایل کی بھرپور تیاری کی، جس میں ٹیم مینجمنٹ نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ہمیشہ حوصلہ افزائی کی۔

حنین شاہ نے کراچی کی وکٹوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں کی پچز عموماً سست ہوتی ہیں، اس لیے انہوں نے وکٹ کی ضرورت کے مطابق ویری ایشنز کا استعمال کیا جو ان کے لیے سودمند ثابت ہوا۔

ماضی کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں بھی آخری اوورز میں کم رنز کا دفاع کر کے میچ جتوانے کا تجربہ رکھتے ہیں۔

اپنے بھائی نسیم شاہ سے متعلق انہوں نے بتایا کہ نسیم گھر پر کرکٹ کے بجائے ڈسپلن اور دیگر معاملات پر زیادہ بات کرتے ہیں، تاہم گزشتہ روز پریکٹس کے دوران ان سے لی گئی رہنمائی آج کی بہتر کارکردگی میں بہت مددگار ثابت ہوئی۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ مستقبل میں زیادہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں گے تاکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے وقت دباؤ کا بہتر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US