پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کی میزبانی کے لیے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق پی سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جس کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم 31 مئی سے 5 جون کے درمیان یہ ون ڈے سیریز کھیلے گی، جس کے شیڈول کے مطابق دو میچز لاہور اور ایک میچ راولپنڈی میں منعقد کیا جائے گا۔ یہ سیریز اس سے قبل لاہور میں کھیلی گئی تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا تسلسل ہے جو آسٹریلوی ٹیم نے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ سے قبل کھیلی تھی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آئندہ کے مصروفیات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے اختتام کے فوراً بعد قومی ٹیم بنگلا دیش کا دورہ کرے گی، جہاں 8 سے 20 مئی کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان میچوں کی حتمی تاریخوں اور مقامات کی تصدیق جلد متوقع ہے۔
آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد براہِ راست بنگلا دیش روانہ ہوگی، جہاں وہ ون ڈے سیریز میں حصہ لے گی۔ آسٹریلیا اور بنگلا دیش کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 9 جون کو کھیلا جائے گا۔ مزید برآں، پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم رواں برس اگست اور ستمبر میں انگلینڈ کا دورہ بھی کرے گی، جہاں وہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔