آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے کینیڈا نیوزی لینڈ میچ کی جانچ پڑتال شروع کردی

image

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اینٹی کرپشن یونٹ نے رواں سال منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ میں کینیڈا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ کی باقاعدہ جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔

آئی سی سی کے اینٹی کرپشن مینجر اینڈرو ایگریو نے تصدیق کی ہے کہ کینیڈا اور نیوزی لینڈ کے میچ کے ساتھ ساتھ کرکٹ کینیڈا میں مبینہ کرپشن کے شکوک و شبہات کی بنیاد پر بھی تفتیش جاری ہے۔

آئی سی سی حکام نے فی الوقت تحقیقات کی حساسیت کے پیش نظر مزید تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا ہے، تاہم باخبر ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اینٹی کرپشن یونٹ ایک مشکوک ٹیلی فون کال کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔ اس کال میں کینیڈا کی ٹیم کے کوچ خرم چوہان کو مبینہ طور پر یہ کہتے سنا گیا ہے کہ کرکٹ کینیڈا کے چند بورڈ ممبران نے ان پر مخصوص کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا تھا۔

رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے اس معاملے پر اپنی تحقیقات کا آغاز کینیڈا براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (سی بی سی) کے اس پروگرام کے بعد کیا جس میں کرکٹ کینیڈا کے اندرونی نظام میں بدعنوانی اور انتظامی بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا گیا تھا۔

اس وقت اینٹی کرپشن یونٹ مختلف پہلوؤں سے شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہے تاکہ میچ اور سلیکشن کے عمل میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی مداخلت کا تعین کیا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US