ڈیوڈ وارنر کی انجری کے باعث کراچی کنگز مشکلات کا شکار، مسلسل تیسری ناکامی

image

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن میں کراچی کنگز کو اپنے مستقل کپتان ڈیوڈ وارنر کی انجری اور عدم موجودگی کے باعث مسلسل مشکلات کا سامنا ہے۔

جمعرات کی شب کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے دی، جو ٹورنامنٹ میں کراچی کی مسلسل تیسری ناکامی ہے۔

کراچی کنگز نے ایونٹ کا آغاز ڈیوڈ وارنر کی قیادت میں انتہائی شاندار طریقے سے کیا تھا اور ابتدائی تینوں میچز جیتے تھے، تاہم کراچی کے مرحلے میں پہنچتے ہی ٹیم کی کارکردگی گراف نیچے گر گیا ہے۔ ڈیوڈ وارنر گزشتہ دو میچوں سے انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہیں اور ان کی جگہ معین علی کپتانی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

جمعرات کو ہونے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز نے 151 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔ یونائیٹڈ کی جانب سے سمیر منہاس نے 58 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ڈیون کانوے 53 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، مگر کراچی کے بلے باز یونائیٹڈ کے باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 150 رنز بناسکے۔ کراچی کی جانب سے جنوبی افریقہ کے ریزا ہینڈرکس نے 44 گیندوں پر 51 رنز کی سست اننگز کھیلی، جبکہ انگلینڈ کے جیسن رائے 27 گیندوں پر 39 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US