سلمان نصیر کا منفرد اقدام، باؤنڈری لائن پر بابر اعظم کی نظر اتار دی

image

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں انوکھا اور دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پی ایس ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے باؤنڈری لائن پر پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کی نظر اتاری۔

یہ واقعہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلے گئے میچ کے بعد پیش آیا جس میں بابر اعظم نے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 8 وکٹوں سے فتح دلوائی۔

جب بابر اعظم اپنی اننگز مکمل کر کے گراؤنڈ سے واپس آ رہے تھے تو سلمان نصیر باؤنڈری لائن کے قریب کھڑے ان کا استقبال کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنی جیب سے ایک نوٹ نکال کر روایتی انداز میں بابر اعظم کے سر کے گرد گھما کر ان کی نظر اتاری اور پھر انہیں گلے لگا لیا۔

اس موقع پر سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ وہ بابر اعظم کے ہمیشہ سے مداح رہے ہیں اور انہیں ایک بار پھر فارم میں دیکھ کر اور رنز بناتے ہوئے دیکھ کر اتنی خوشی ہوئی کہ وہ خود کو نظر اتارنے سے نہ روک سکے۔

سلمان نصیر پی ایس ایل میں اس طرح کے منفرد اقدامات کے حوالے سے جانے جاتے ہیں، اس سے قبل انہوں نے ٹورنامنٹ کے تمام کپتانوں سے حلف لینے کا ایک نیا سلسلہ بھی شروع کیا تھا۔

کرکٹ ماہرین اور شائقین کا کہنا ہے کہ اگرچہ مالی طور پر دیگر لیگز بڑی ہو سکتی ہیں، لیکن پی ایس ایل میں اس قسم کے انوکھے واقعات اور جذباتی مناظر ہی وہ وجہ ہیں جس کی بنا پر لوگ اس لیگ میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں اور ان لمحات سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US