کے الیکٹرک میں حال ہی میں ہونے والی بڑی انتظامی تبدیلیوں کے بعد ادارے کے معاملات میں بہتری کے آثار نظر آنے لگے ہیں۔
نئے سی ای او اور چیئرمین سمیت 13 رکنی بورڈ کی تشکیل مکمل ہونے کے بعد کمپنی نے اپنے مالیاتی امور کو شفاف بنانے کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
کے الیکٹرک انتظامیہ نے حکام کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ کمپنی سال 2024 اور 2025 کے مالی حسابات کا ایک ساتھ جون 2026 میں اعلان کرے گی۔
اس سے قبل نیپرا کی جانب سے مالی حسابات پیش نہ کرنے پر کمپنی کو سخت تنبیہہ کی گئی تھی، تاہم اب انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام قواعد و ضوابط پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کا ملٹی ایئر ٹیرف سے متعلق طویل عرصے سے زیرِ التوا مقدمہ بھی اعلیٰ عدالت سے نیپرا ٹریبونل کو منتقل کردیا گیا ہے۔
حکام کا ماننا ہے کہ نئی انتظامیہ کی آمد اور قانونی معاملات کی منتقلی سے ادارے کے مالی اور انتظامی ڈھانچے میں استحکام آئے گا۔