واشنگٹن میں منعقدہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پیپلز بینک آف چائنا کے گورنر ڈاکٹر پان گونگ شینگ سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مالی تعاون، سرمایہ کاری اور مارکیٹ رسائی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ میں پاکستان کی مسلسل حمایت پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ملکی معاشی پالیسیوں پر بین الاقوامی اعتماد کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے چینی گورنر کو آگاہ کیا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) کے تیسرے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) کے دوسرے جائزے کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے، جس کی حتمی منظوری جلد متوقع ہے۔
ملاقات کے دوران محمد اورنگزیب نے پاکستان کے پہلے 'پانڈا بانڈ' کے اجرا سے متعلق پیش رفت پر بھی روشنی ڈالی اور نیشنل ایسوسی ایشن آف فنانشل مارکیٹ انسٹی ٹیوشنل انویسٹرز (NAFMII) سے اس کی جلد منظوری کی درخواست کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان نے حال ہی میں یورو بانڈ کی ادائیگی مکمل کر لی ہے اور سعودی عرب سے اضافی مالی معاونت بھی حاصل کی گئی ہے۔
علاقائی صورتحال کے معاشی اثرات پر بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہدفی سبسڈیز اور طلب کے انتظام جیسے اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ ملاقات کے اختتام پر پیپلز بینک آف چائنا کے گورنر نے وفاقی وزیر خزانہ کو جلد بیجنگ کے دورے کی دعوت بھی دی۔