پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ منظور الحسن نے لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 19 اپریل کو قومی ہاکی ٹیموں کے حوالے سے پی ایچ ایف کی ایک اہم میٹنگ ہوگی جس میں مستقبل کی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم کا اصل ہدف 2028 کے اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنا ہے، جس کے لیے ایشین گیمز کا فائنل کھیلنا ناگزیر ہے۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ اگلے چار ماہ میں پرو ہاکی لیگ کے 8 میچز اور ورلڈ کپ کے مقابلے شیڈول ہیں، لیکن کامیابی کے لیے درست سلیکشن اور یورپی ٹیموں کے خلاف کھیل کر تجربہ حاصل کرنا ضروری ہے۔
منظور الحسن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر میرٹ پر سلیکشن ہوئی تو ہاکی کا سنہری دور واپس لایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ خواجہ جنید اور طاہر زمان جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے تاکہ کھلاڑیوں کو متحرک کر کے جدید ہاکی کے تقاضوں کے مطابق ایک مضبوط ٹیم بنائی جاسکے۔