پاکستان نے چار سال کے طویل وقفے کے بعد بین الاقوامی بانڈ مارکیٹ میں کامیاب واپسی کرتے ہوئے عالمی سرمایہ کاروں کو تین سالہ یورو بانڈ فروخت کردیے ہیں۔
یورو بانڈ کی اس فروخت کے ذریعے پاکستان نے عالمی منڈی سے 50 کروڑ ڈالر کا قرض حاصل کر لیا ہے۔ ان بانڈز پر پاکستان سرمایہ کاروں کو سالانہ 6.975 فیصد ریٹرن (منافع) ادا کرے گا، جبکہ سال 2029 میں مدت پوری ہونے پر پاکستان کو یہ 50 کروڑ ڈالر کی رقم واپس ادا کرنی ہوگی۔
مشیرِ وزیر خزانہ خرم شہزاد نے اس پیشرفت پر اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی بانڈز کو عالمی منڈی میں بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ طویل عرصے بعد انٹرنیشنل مارکیٹ میں واپسی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر بین الاقوامی مارکیٹ کے بھروسے کی عکاسی کرتا ہے۔