سابق افغان کرکٹر اسپتال میں زیرعلاج، شاہد آفریدی کی مدد کی پیشکش

image

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سابق افغان فاسٹ بولر شاپور زدران کی تشویشناک طبی حالت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن مدد کی پیشکش کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق 38 سالہ شاپور زدران کو ایک سنگین طبی پیچیدگی کے باعث اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔اہلِ خانہ کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر ان کی صحت سے متعلق اپڈیٹس شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی گئی ہے۔

اس موقع پر شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے شاپور زدران کے اہلِ خانہ سے بات کی ہے اور ان کی حالت سن کر انہیں شدید افسوس ہوا ہے۔

شاہد آفریدی نے لکھا کہ شاپور زدران ہمیشہ ایک فائٹر رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ اس مشکل وقت کا بھی حوصلے سے مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ پاکستان اور میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، اگر کسی بھی مدد کی ضرورت ہوئی تو میں ہمیشہ موجود ہوں۔

واضح رہے کہ شاپور زدران نے افغانستان کی جانب سے 44 ون ڈے میچز میں 43 وکٹیں اور 36 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 37 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے 2025 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US