پاکستان میں کارپوریٹ سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے معاشی سرگرمیوں میں بہتری کے آثار ظاہر ہو رہے ہیں۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق جنوری سے مارچ کے دوران 220 کمپنیوں میں غیر ملکی شیئر ہولڈرز شامل ہوئے جبکہ غیر ملکی ڈائریکٹرز کی حامل کمپنیوں کا ادا شدہ سرمایہ 657 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا۔
ایس ای سی پی کے اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری ٹریڈنگ، سروسز، آئی ٹی، تعمیرات اور مائننگ کے شعبوں میں دیکھی گئی۔ اسی عرصے کے دوران مجموعی طور پر 10,318 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 12.5 فیصد زیادہ ہے۔
رجسٹرڈ کمپنیوں میں 58.6 فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ جبکہ 37.9 فیصد سنگل ممبر کمپنیاں شامل ہیں۔ صوبائی سطح پر 50.2 فیصد کمپنیاں پنجاب، 19 فیصد اسلام آباد اور 15.5 فیصد سندھ میں رجسٹر ہوئیں۔
شعبہ وار جائزے کے مطابق آئی ٹی اور ای کامرس میں 2,065 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، ٹریڈنگ میں 1,687، سروسز میں 1,288، رئیل اسٹیٹ میں 934، سیاحت میں 581، فوڈ اینڈ بیوریجز میں 497 جبکہ تعلیم کے شعبے میں 363 نئی کمپنیاں شامل ہوئیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق سہ ماہی کے دوران 95,823 کارپوریٹ فائلنگز پراسیس کی گئیں، جو 27 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں، جبکہ پوسٹ انکارپوریشن فائلنگز میں بھی 33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے