لاہور میں پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی میراتھن اور سائیکلنگ ریس

image

لاہور میں پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی میراتھن اور سائیکلنگ ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے ہزاروں بچوں، خواتین، مردوں اور خصوصی افراد نے بھرپور شرکت کی۔

ایونٹ کا آغاز صبح 6 بجے لبرٹی چوک لاہور سے ہوا، جہاں صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے سائیکل چلا کر ریس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ مجموعی طور پر ملک بھر سے 11 ہزار سے زائد ایتھلیٹس اور شہری اس بڑے اسپورٹس ایونٹ کا حصہ بنے۔

مقابلوں میں مختلف کیٹیگریز شامل تھیں۔ مردوں کے لیے 21 کلومیٹر میراتھن اور 21 کلومیٹر سائیکلنگ ریس رکھی گئی جبکہ خواتین کے لیے 5 کلومیٹر میراتھن اور 5 کلومیٹر سائیکلنگ ریس کا اہتمام کیا گیا۔ فیملیز کے لیے 2 کلومیٹر فیملی فن ریس بھی ایونٹ کا حصہ تھی، جبکہ خصوصی افراد کے لیے 1 کلومیٹر ویل چیئر ریس بھی منعقد کی گئی۔

21 کلومیٹر مردوں کی سائیکل ریس میں کراچی کے علی الیاس نے پہلی پوزیشن حاصل کی، لاہور کے عاقب شاہ دوسرے نمبر پر آئے جبکہ خیبرپختونخوا کے ثنااللہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

خواتین کی 5 کلومیٹر سائیکلنگ ریس میں کراچی کی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی دکھائی، جس میں زینب نے پہلی، انیسا نے دوسری اور رابی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ایونٹ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی پلان بھی نافذ کیا گیا۔ شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستے بھی فراہم کیے گئے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US