پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور زمبابوے کی ویمن ٹیموں کے درمیان آئندہ ماہ ہونے والی وائٹ بال سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا ہے۔
سری لنکا سے تعلق رکھنے والی آئی سی سی پینل کی امپائر نمالی پریرا سیریز کے تمام 6 میچوں میں آن فیلڈ امپائر کے فرائض سرانجام دیں گی۔
سیریز کے شیڈول کے مطابق کامران چوہدری ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں میچ ریفری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، جبکہ علی نقوی ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی سربراہی کریں گے۔
4 مئی کو شیڈول پہلے ون ڈے میچ میں نمالی پریرا کے ساتھ ذوالفقار جان آن فیلڈ امپائر ہوں گے، طارق رشید تھرڈ امپائر اور حمیرا فرح ریزرو امپائر کے طور پر اپنی خدمات پیش کریں گی۔
واضح رہے کہ یہ سیریز تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل ہے جو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔