لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے زیرِ اہتمام جاری ریڈ بال کیمپ اختتام پذیر ہوگیا۔ 8 اپریل سے شروع ہونے والے اس تربیتی کیمپ میں مجموعی طور پر 17 کھلاڑیوں نے شرکت کی، جنہوں نے اکیڈمی کوچز کی زیرِ نگرانی اپنی فٹنس اور تکنیکی مہارتوں کو بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دی۔
کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کے لیے فیلڈنگ ڈرلز، نیٹ سیشنز اور دو پریکٹس میچز کا انعقاد کیا گیا تاکہ انہیں میچ کی حقیقی صورتحال سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔
ریڈ بال کیمپ کے کوچ سرفراز احمد نے کیمپ کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران کھلاڑیوں کی سکل ڈیولپمنٹ اور میچ سیناریوز پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ساتھ ون آن ون سیشنز بھی کیے گئے، جس میں انہیں جدید فٹنس پروٹوکولز سے آگاہ کیا گیا۔
این سی اے کوچ محتشم رشید نے کھلاڑیوں کے جذبے اور محنت کی تعریف کی، جبکہ کوچ وقاص احمد کا کہنا تھا کہ فاسٹ بالرز اور اسپنرز کے ساتھ خاص طور پر ٹیکٹیکل پلاننگ پر کام کیا گیا ہے۔
کھلاڑی محمد سلیمان نے بتایا کہ کیمپ میں بیٹنگ تکنیک اور سپنرز کے خلاف رنز بنانے کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملا۔ کھلاڑی سعد خان نے امید ظاہر کی کہ اس کیمپ کے دوران کی جانے والی ٹریننگ مستقبل کے ٹورنامنٹس میں ان کے لیے بہت معاون ثابت ہوگی۔