پی ایس ایل: کراچی کنگز کو شکست، ملتان سلطانز نے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا

image

پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 11 رنز سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

اس فتح کے بعد ملتان سلطانز سات میچوں میں پانچ فتوحات اور 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آ گئی ہے، جبکہ پشاور زلمی پہلے ہی پلے آف میں جگہ بناچکی ہے۔

کراچی کنگز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ ملتان کی جانب سے شان مسعود نے 46، جوش فلیپ نے 44 اور اویس ظفر نے 36 رنز بنائے۔ فلیپ اور شان مسعود نے مجموعی طور پر پانچ چھکے اور آٹھ چوکے لگا کر ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا، جبکہ آخری لمحات میں محمد عمران نے محض 8 گیندوں پر 26 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ کراچی کنگز کی طرف سے خوشدل شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم 19.4 اوورز میں 196 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جنوبی افریقہ کے ریزہ ہینڈرکس 49 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ معین علی نے 27 رنز بنائے۔ میچ کے اختتامی لمحات میں عباس افریدی کے 34 اور حسن علی کے 23 رنز نے جیت کی امید پیدا کی اور جب آخری دو اوورز میں 26 رنز درکار تھے تو پیٹر سیڈل نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے دو اہم وکٹیں حاصل کر کے ملتان کی جیت یقینی بنائی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عرفات منہاس نے بہترین اسپین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یہ کراچی کنگز کی مسلسل چوتھی شکست ہے جس کے بعد ان کے لیے پلے آف تک رسائی مزید مشکل ہوگئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US