محمد رضوان نے حالیہ خراب فارم کے باوجود ریٹائرمنٹ کا امکان مسترد کردیا

image

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان سپر لیگ میں راولپنڈی کی ٹیم کے سربراہ محمد رضوان نے حالیہ خراب فارم کے باوجود ریٹائرمنٹ کے امکان کو یکسر مسترد کردیا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ان کا فی الحال کرکٹ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں، کیونکہ کھلاڑی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اس وقت کرتا ہے جب اسے محسوس ہو کہ وہ ٹیم میں جگہ کے لیے دیگر کھلاڑیوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کھو چکا ہے۔

پی ایس ایل کے جاری گیارہویں ایڈیشن میں جہاں راولپنڈی کی ٹیم کو مسلسل سات شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، وہیں محمد رضوان بھی اپنی انفرادی کارکردگی کے حوالے سے مشکلات کا شکار رہے ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹر نے اعتراف کیا کہ وہ اپنی موجودہ فارم سے مطمئن نہیں ہیں اور انہوں نے خود سلیکٹرز اور ساتھی کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ اس کارکردگی کے ساتھ ان کی قومی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی، تاہم ان کے بقول ریٹائرمنٹ اس کا حل نہیں ہے۔ 33 سالہ رضوان نے مزید کہا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سمیت کسی بھی فارمیٹ کو چھوڑنے کا نہیں سوچ رہے کیونکہ وہ اب بھی کھیل سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور مزید محنت کر کے اپنی فارم بحال کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

رضوان نے راولپنڈی کے لیے موجودہ سیزن کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ نے اس تجربے سے بہت کچھ سیکھا ہے اور ہمیشہ بہتری کی گنجائش موجود رہتی ہے۔

واضح رہے کہ محمد رضوان پی ایس ایل کی تاریخ کے کامیاب کپتانوں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اس سے قبل ملتان سلطانز کو ایک بار چیمپئن بنایا اور تین مرتبہ فائنل تک رسائی دلائی، تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ اس بار ان کی اپنی ناقص فارم ٹیم کے لیے سودمند ثابت نہیں ہوسکی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US