بابر اعظم نےشاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم پشاور زلمی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بڑا مجموعہ فراہم کیا۔کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے میچ میں بابر اعظم نے 67 اننگز کے بعد اپنی 12ویں ٹی ٹوئنٹی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 52 گیندوں پر 100 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے جس میں 4 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
بابر اعظم نے اننگز کی آخری گیند پر دو رنز لے کر اپنی سنچری مکمل کی اور 192 کے اسٹرائیک ریٹ سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت پشاور زلمی نے بڑا مجموعہ اسکور کیا۔
ان کے ساتھ سری لنکن بلے باز کُشل مینڈس نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 83 رنز بنائے، جس میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ مہنگا ثابت ہوا جبکہ پشاور زلمی نے میچ میں مضبوط پوزیشن حاصل کر لی۔ ٹیم اس وقت پی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔