پاکستان کرکٹ بورڈ میں ایک اور کیریئر بیوروکریٹ کا اضافہ ہوگیا ہے۔ پنجاب حکومت نے گریڈ 17 کے افسر اسامہ شیرون کو ڈیپوٹیشن پر کرکٹ بورڈ بھیج دیا ہے، جہاں انہیں ڈومیسٹک ڈیپارٹمنٹ میں سینئر جنرل مینجر تعینات کیا گیا ہے۔
کچھ روز قبل ڈومیسٹک کرکٹ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر خرم نیازی دو سال بورڈ میں خدمات انجام دینے کے بعد واپس اسلام آباد چلے گئے تھے۔ خرم نیازی بھی کیریئر بیوروکریٹ تھے اور پی سی بی میں ڈیپوٹیشن پر کام کر رہے تھے۔ اب ڈومیسٹک کرکٹ کے معاملات اسامہ شیرون دیکھیں گے اور مینجر ڈومیسٹک کرکٹ (جونیئرز) بھی ان کی سربراہی میں کام کریں گے۔
خرم نیازی کے تبادلے کے وقت یہ عام تاثر تھا کہ پی سی بی سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان کو اس اہم عہدے کے لیے لانا چاہتا ہے، تاہم دونوں کے درمیان معاملات طے نہ پانے کے بعد پی سی بی نے ایک بار پھر بیوروکریٹ کو ڈیپوٹیشن پر بلانے کا فیصلہ کیا۔