پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

image

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میکرو اکنامک استحکام کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے اور بین الاقوامی سرمایہ مارکیٹس میں دوبارہ شمولیت سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ نے یورپی یونین کے سفیر برائے پاکستان ہز ایکسی لینسی رائمنڈاس کاروبلس سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان نے چار سال بعد حال ہی میں ایک نجی یورو بانڈ ٹرانزیکشن کے ذریعے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں دوبارہ قدم رکھا ہے، جس میں سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی دیکھی گئی اور اسے کامیابی سے بڑھایا بھی گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایک متنوع مالیاتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جس میں مستقبل میں بین الاقوامی اجراء اور جدید مالیاتی ذرائع شامل ہیں، تاکہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط ہوں اور پائیدار مالی استحکام یقینی بنایا جا سکے۔

ملاقات کے دوران یورپی یونین کے سفیر نے وزیر خزانہ کو 28 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ہائی لیول یورپ–پاکستان بزنس فورم میں شرکت کی دعوت دی، جسے وزیر خزانہ نے قبول کیا۔ سینیٹر محمد اورنگزیب اس موقع پر افتتاحی اجلاس میں کلیدی خطاب بھی کریں گے جس کا موضوع ”پاکستان کا ابھرتا ہوا معاشی منظرنامہ: مراعات، اصلاحات اور نئی سرمایہ کاری کے مواقع“ ہوگا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ایسے فورمز پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے کاروباری ماحول اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنے کے لیے اہم ہیں، جبکہ بین الاقوامی و مقامی کاروباری برادری کے درمیان روابط کو بھی فروغ دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت معاشی استحکام، زرمبادلہ کے ذخائر کی مضبوطی اور ساختی اصلاحات کے ایجنڈے پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے تاکہ پائیدار اور جامع ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان GSP+ فریم ورک کے تحت تعاون کو بھی اہم قرار دیا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US