لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست، کوئٹہ گلیڈیٹرز پلے آف کی دوڑ سے تقریباً باہر

image

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈیٹرز کو 9 رنز سے شکست دے کر پلے آف کی دوڑ سے تقریباً باہر کردیا ہے۔

لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فخر زمان کی شاندار سینچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔ فخر زمان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے محض 51 گیندوں پر 103 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 6 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ چیریتھ اسالنکا نے 31 اور ڈینیل سیمز نے 18 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اضافہ کیا۔

198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈیٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 188 رنز ہی بنا سکی۔ شمائل حسین نے 53 اور کپتان رائلی روسو نے 29 گیندوں پر 62 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر جیت کی امیدیں برقرار رکھیں، تاہم دیگر بلے بازوں کی جانب سے خاطر خواہ ساتھ نہ مل سکا۔

آخری اوور میں جیت کے لیے درکار 18 رنز بنانے میں ابرار احمد اور الزاری جوزف ناکام رہے، جہاں حارث رؤف نے نپا تلا اوور کر کے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔ حارث رؤف نے میچ میں دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس شکست کے بعد کوئٹہ گلیڈیٹرز کو 9 میچوں میں چھٹی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ لاہور قلندرز نے فتح کے ساتھ اپنے پوائنٹس کی تعداد 8 کرلی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US