قومی کرکٹر محمد نواز ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر تحقیقات کی زد میں آگئے ہیں، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان کے خلاف باضابطہ انکوائری شروع کردی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پی سی بی کو اس معاملے سے آگاہ کیا تھا، جس پر بورڈ اپنی تحقیقاتی رپورٹ آج ہی آئی سی سی کو بھجوائے گا۔
ذرائع کے مطابق محمد نواز کا یہ ٹیسٹ رواں برس سری لنکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران لیا گیا تھا جو مثبت آیا ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر انگلش کاؤنٹی کلب سرے کے ساتھ ان کا معاہدہ بھی منسوخ ہو گیا ہے، جہاں وہ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کھیلنے والے تھے۔
دوسری جانب آئی سی سی نے فی الحال اس حساس معاملے پر کسی بھی قسم کی گفتگو کرنے سے گریز کیا ہے۔