ویسٹ انڈیز چیمپئن شپ کے دوران سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں لیوارڈ آئی لینڈ اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے درمیان کھیلا جانے والا میچ پچ کی خطرناک صورتحال کے باعث ختم کردیا گیا ہے۔
کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مطابق کھیل کو تیسرے روز کے پہلے سیشن میں اس وقت روکا گیا جب گیند کا باؤنس غیر متوقع اور ناہموار ہوگیا، جس سے کھلاڑیوں کی حفاظت کے حوالے سے شدید خدشات پیدا ہوگئے۔
میچ کے دوران لیوارڈ آئی لینڈ کے کھلاڑی جیریمیہا لوئس کو جیڈن سیلز کی ایک تیز گیند زوردار طریقے سے لگی، جس کے بعد انہیں میدان میں فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور بعدازاں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
کرکٹ ویسٹ انڈیز کا کہنا ہے کہ کھلاڑی کا کنکشن ٹیسٹ کیا گیا ہے اور اب ان کی طبیعت بہتر ہے۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگلے میچ سے قبل پچ کی حالت بہتر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔