گوجرانوالہ کے علاقے قلعہ دیدار سنگھ سے تعلق رکھنے والے ننھے مداح کی اپنے ہیرو شاہین شاہ آفریدی سے ملنے کی خواہش پوری ہوگئی۔
گذشتہ چار سال سے ٹیومر جیسی موذی بیماری سے نبرد آزما اس بچے نے سوشل میڈیا کے ذریعے قومی کرکٹر سے ملنے کی تمنا ظاہر کی تھی، جس پر لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے اسے میچ دیکھنے کے لیے مدعو کیا۔
ملاقات کے دوران شاہین شاہ آفریدی نے بچے کو اپنے نام کی جرسی، دستخط شدہ کیپ اور کرکٹ بال تحفے میں دی، جس سے ننھے مداح کے چہرے پر مسکراہٹ لوٹ آئی۔
بچے نے میچ کے دوران اونرز ڈگ آؤٹ میں بیٹھ کر اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو سامنے کھیلتے دیکھا اور یادگار لمحات گزارے۔ طویل بیماری کے باوجود بچے کا حوصلہ بلند تھا اور وہ اپنے خواب کو حقیقت میں بدلتے دیکھ کر انتہائی خوش نظر آیا۔