پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ اوٹس گبسن نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرحان یوسف نے پہلے پریکٹس سیشن میں ہی انہیں اپنی شاٹس اور مہارت سے بہت متاثر کیا، وہ ایک اسپیشل پلیئر اور انڈر 19 کے کپتان بھی ہیں جنہیں ہم نے مزید ڈویلپ کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کے کئی کھلاڑی اچھا پرفارم کر رہے ہیں، خاص طور پر کوشل مینڈس اور بابر اعظم شاندار فارم میں ہیں جو کہ میرے لیے خوشی کی بات ہے، بابر اعظم ایک عظیم کھلاڑی ہیں جو ہمیشہ اچھا کرنے پر توجہ دیتے ہیں، انہوں نے کراچی میں بھی غیر معمولی سنچری بنائی۔
اوٹس گبسن نے نوجوان بالرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عبدالباسط اچھی سوئنگ کرتے ہیں اور پہلی مرتبہ پی ایس ایل میں آکر متاثر کن کارکردگی دکھا رہے ہیں جبکہ علی رضا کا ایکشن بہت اچھا ہے اور وہ ایک سمارٹ بالر ہیں۔
بنگلا دیشی بالرز کے حوالے سے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت اچھا پرفارم کیا لیکن اب ان کی سیریز ہے اور میرا نہیں خیال کہ وہ واپس آئیں گے، جس کا ہمیں افسوس ہے لیکن نیشنل ڈیوٹی ہمیشہ پہلی ترجیح ہوتی ہے۔