اٹک ریفائنری لمیٹڈ نے خام تیل کی فراہمی اور پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل شروع ہونے کے بعد اپنا مرکزی یونٹ دوبارہ فعال کردیا ہے۔
ریفائنری ذرائع کے مطابق، اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد اور سیکیورٹی اقدامات کے باعث ٹینکرز کی نقل و حرکت پر پابندی عائد تھی، جس کی وجہ سے ریفائنری سے پیٹرول اور ڈیزل کی ترسیل رک گئی تھی۔ ترسیل نہ ہونے کے باعث ریفائنری میں اسٹاک کی گنجائش ختم ہو رہی تھی، جس کے نتیجے میں انتظامیہ نے گزشتہ دنوں اپنا مرکزی یونٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
مرکزی یونٹ کی بندش سے ریفائنری کی یومیہ 32,400 بیرل پیداوار معطل ہوگئی تھی۔ تاہم اب ٹینکرز کی آمد و رفت بحال ہونے اور خام تیل کی سپلائی دوبارہ شروع ہونے پر آپریشنز مکمل طور پر بحال کر دیے گئے ہیں۔ ریفائنری انتظامیہ نے اس پیش رفت کے بارے میں متعلقہ حکام اور اپنے شیئر ہولڈرز کو باقاعدہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔