کاروباری اعتماد میں نمایاں کمی، معاشی خدشات میں اضافہ، گیلپ سروے

image

گیلپ پاکستان کے تازہ سروے کے مطابق ایران-امریکا کشیدگی اور توانائی بحران کے باعث پاکستان میں کاروباری اعتماد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سروے میں کہا گیا ہے کہ مستقبل کے حوالے سے 53 فیصد کاروباری ادارے خدشات کا شکار ہیں جبکہ 43 فیصد نے امید کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بڑھتی ہوئی انرجی قیمتیں اور جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کاروباری ماحول پر منفی اثر ڈال رہی ہیں۔

نتائج کے مطابق 41 فیصد اداروں نے اپنے موجودہ آپریشنز کو اچھا یا بہت اچھا قرار دیا تاہم مجموعی مثبت رجحان میں 27 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔ کاروباری اعتماد گزشتہ سہ ماہی کے منفی 8 فیصد کے مقابلے میں بڑھ کر منفی 32 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

سروے میں یہ بھی سامنے آیا کہ 37 فیصد کاروباری اداروں نے مہنگائی کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا جبکہ 57 فیصد نے لوڈشیڈنگ کی شکایت کی جو گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہے۔ مزید 62 فیصد شرکاء نے مہنگائی اور پیداواری لاگت کو اہم ترین چیلنج قرار دیا۔

رپورٹ کے مطابق 46 فیصد شرکاء نے حکومتی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا جبکہ 33 فیصد نے اعتماد کا اظہار کیا۔ گیلپ پاکستان کے مطابق 76 فیصد کاروباری اداروں کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں غیر یقینی صورتحال برقرار رہی تو آئندہ تین ماہ میں معاشی حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US