لاہور میں پاکستان ویمنز کرکٹرز کا اسکلز اینڈ فٹنس کیمپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا ہے، جس کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیوں کو دور کرنا اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنا تھا۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض کے مطابق، اس کیمپ کے دوران جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں سامنے آنے والی کمی کو دور کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور بولنگ میں کچھ مسائل تھے جن پر کام کیا گیا اور اس حوالے سے کھلاڑیوں کا رسپانس نہایت مثبت رہا۔ وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ہم اٹیکنگ اور نڈر کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور کھلاڑیوں کو یہی پیغام دیا گیا ہے کہ کارکردگی میں تسلسل لائیں تاکہ زمبابوے کے خلاف آنے والی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی جا سکے۔
کیمپ کے دوران سیناریو میچز پر بھی توجہ دی گئی جس سے سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کو ایک ساتھ کھیلنے اور ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع ملا۔ قومی کھلاڑی سعدیہ اقبال نے کیمپ کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ میچز کھیلنے سے اسٹیمنا بڑھے گا اور یہ کیمپ ورلڈ کپ سمیت آنے والی سیریز کی تیاری میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔
نوجوان کرکٹر ایمان فاطمہ نے بھی کیمپ کے تجربے کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاب ریاض اور عمران فرحت کی زیرِ نگرانی اسکلز، فیلڈنگ اور فٹنس پر بھرپور کام ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل اس طرح کی مشقوں سے کھلاڑیوں کے اعتماد اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔