چین کے صوبہ ہینان میں واقع شہر ثانیہ میں جاری ایشین بیچ گیمز کے دوران پاکستان کے لیے ملا جلا دن رہا، جہاں کبڈی کے میدان میں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا وہیں ایکواتھلون میں کھلاڑیوں نے اپنی انفرادی کارکردگی کو بہتر بنایا۔
بیچ کبڈی کے مقابلے میں ایران نے پاکستان کو 28-38 کے اسکور سے شکست دے دی۔ پاکستانی ٹیم نے حریف کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی، تاہم ایرانی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
دوسری جانب ایکواتھلون کے مقابلوں میں پاکستانی ایتھلیٹس نے اپنے ذاتی ریکارڈز (پرسنل بیسٹ) بہتر کیے۔ مینز فائنل میں حمزہ آصف نے 31 ایتھلیٹس کے درمیان 28 ویں پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے 37.26 منٹ میں مقررہ فاصلہ طے کرکے اپنا بہترین وقت ریکارڈ کیا۔
اسی طرح ویمنز فائنل میں عائشہ وقاص نے 27 شرکاء میں سے 26 ویں پوزیشن حاصل کی۔ عائشہ نے 56.32 منٹ میں مقابلہ مکمل کرتے ہوئے اپنا پرسنل بیسٹ ریکارڈ قائم کیا۔