ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کی اضافی مالی معاونت کی توقع ظاہر کردی ہے۔
بینک کی سالانہ رپورٹ 2025 کے مطابق پاکستان کے لیے رواں سال 80 کروڑ ڈالر کا پیکج منظور کیا گیا ہے، جس میں 30 کروڑ ڈالر قرض اور 50 کروڑ ڈالر کی گارنٹی شامل ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ پروگرام کے تحت پاکستان کو مزید ایک ارب ڈالر تک اضافی فنانسنگ میں مدد فراہم کی جا سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کو بنیادی خدمات اور ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی کمی کا سامنا ہے، جس کی بڑی وجہ مالی دباؤ ہے۔ اے ڈی بی کے مطابق منظور شدہ پروگرام کا مقصد بجٹ خسارے میں کمی اور سرکاری قرضوں کے بوجھ کو کم کرنا ہے۔
بینک نے بتایا کہ سماجی شعبے، ٹیکس نظام اور محصولات میں بہتری کے لیے بھی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق خواتین کی معاشی شمولیت بڑھانے کے لیے 35 کروڑ ڈالر مختص کیے گئے ہیں، کیونکہ پاکستان میں اس شعبے میں نمایاں خلا موجود ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث خطے میں شدید بارشوں اور سیلاب کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے سے پاکستان بھی متاثر ہو رہا ہے۔ اس تناظر میں گرین کلائمیٹ فنڈ کے 25 کروڑ ڈالر سے پانی اور زرعی نظام کو بہتر بنانے کے منصوبے جاری ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان میں کاپر اور گولڈ مائن منصوبے کے لیے جدید مالی پیکج کی منظوری دی گئی ہے۔ اے ڈی بی کے مطابق سال 2025 میں خطے بھر میں مجموعی طور پر 29.3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔