پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ نے وزیر اعظم پاکستان سے درخواست کی ہے کہ لاہور میں ہونے والے پلے آف، ایلیمنیٹرز اور فائنل میچز میں شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی جائے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل مینجمنٹ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ شائقین کے بغیر میچز کی رونقیں مدھم پڑ جاتی ہیں جس کے باعث ایونٹ کی مجموعی کشش متاثر ہو رہی ہے۔ انتظامیہ نے درخواست میں کہا ہے کہ تماشائیوں کی موجودگی سے نہ صرف ماحول بہتر ہوتا ہے بلکہ لیگ کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل مینجمنٹ لاہور میں شیڈول پلے آف اور فائنل مقابلوں کے دوران محدود یا مکمل طور پر شائقین کی موجودگی کی خواہاں ہے۔ فرنچائزز کی جانب سے بھی اس مطالبے کی حمایت کی گئی ہے اور انتظامیہ پر زور دیا جا رہا ہے کہ اس حوالے سے مثبت فیصلہ کروایا جائے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ شائقین کے داخلے کی اجازت سے متعلق حتمی فیصلہ وزیر اعظم پاکستان کریں گے جس پر کرکٹ حلقوں اور مداحوں کی نظریں مرکوز ہیں۔ اگر اجازت ملتی ہے تو لاہور کے میچز ایک بار پھر شائقین سے بھرے اسٹیڈیمز میں کھیلے جانے کا امکان ہے جس سے پی ایس ایل کا جوش و خروش دوبارہ بحال ہو سکتا ہے۔