پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں راولپنڈی کی ٹیم نے مسلسل آٹھ ناکامیوں کے بعد نویں میچ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ راولپنڈی نے اسلام آباد یونائٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنا کھاتہ کھول لیا، تاہم وہ اب بھی آخری نمبر پر موجود ہے۔
اسلام آباد یونائٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مشکل پچ پر مقررہ 20 اوورز میں صرف 137 رنز بنائے۔ ڈیون کونوے 40 اور مارک چیپمین 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ راولپنڈی کے بالرز ڈی این فارسٹر، سعد مسعود اور محمد عامر نے نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں راولپنڈی کا آغاز اچھا نہ تھا اور عبداللہ فضل پہلے ہی اوور میں پویلین لوٹ گئے، مگر کپتان محمد رضوان (45) اور کامران غلام (42) نے دوسری وکٹ کے لیے 78 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ آخر میں ڈیرل مچل نے 32 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر 18.1 اوورز میں 140 رنز کے ساتھ فتح یقینی بنائی۔
اس شکست کے بعد اسلام آباد یونائٹڈ کے لیے پلے آف کی راہ مشکل ہوگئی ہے، جنہیں اب اپنے بقیہ دونوں میچز جیتنا لازمی ہیں۔ ایونٹ کا اگلا مقابلہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان لاہور میں کھیلا جائے گا۔