پاکستان نے توانائی کے بڑھتے بحران پر قابو پانے کے لیے ایل این جی کی اسپاٹ خریداری کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے تین ایل این جی کارگوز کی خریداری کے لیے عالمی سطح پر بولیاں طلب کرلی ہیں۔ عالمی کمپنیاں 24 اپریل تک اپنی پیشکشیں جمع کرا سکیں گی، جبکہ اسی روز بڈز کھولی بھی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق تینوں کارگوز اپریل اور مئی کے دوران فراہم کیے جائیں گے۔ پہلا کارگو 27 سے 30 اپریل کے درمیان، دوسرا یکم سے 7 مئی جبکہ تیسرا 8 سے 14 مئی کے دوران پاکستان پہنچے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایل این جی کی فوری خریداری کا فیصلہ ملک میں بڑھتی ہوئی بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے کیا گیا ہے۔
قطر سے ایل این جی سپلائی میں تعطل کے باعث تقریباً 6 ہزار میگاواٹ صلاحیت کے پاور پلانٹس بند پڑے ہیں، جس کے نتیجے میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔