لاہور: 3 بچوں کے قتل کیس میں ماں کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

image

لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری نے 3 بچوں کے قتل کے مقدمے میں گرفتار ماں کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ارشاد حسین نے پولیس کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ملزمہ کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

تفتیشی افسر کے مطابق ملزمہ کے ڈی این اے، پولی گرافک اور میڈیکل ٹیسٹ کرانے ہیں تاکہ واقعے کی مکمل حقیقت سامنے آسکے۔

اس سے قبل اچھرہ لاہور میں پیش آنے والے واقعے میں 5 سالہ مومنہ بتول، 4 سالہ مومن رضا اور ڈیڑھ سالہ امِ حبیبہ کی لاشیں گھر سے ملی تھیں جنہیں تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمہ ردا کو واقعے کے بعد گھر سے باہر جاتے اور واپس آ کر مدد کے لیے کال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمہ نے اعترافِ جرم بھی کرلیا ہے جبکہ لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US