سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے سرمایہ کاروں کے لیے اسٹاک مارکیٹ میں ڈیجیٹل آن بورڈنگ کو آسان بنانے کیلیے اینٹی منی لانڈرنگ ریگولیشنز میں ترامیم تجویز کردی ہیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق سرمایہ کاروں کے اکاؤنٹس کی تصدیق اب آئی بی اے این اور راست کے ذریعے ممکن ہوگی جس سے کے وائی سی کا عمل تیز اور سہل ہوجائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سرمایہ کار صرف تصدیق شدہ بینک اکاؤنٹس یا ای والٹس کے ذریعے ہی لین دین کر سکیں گے جبکہ شناخت کے لیے نادرا کے تعاون سے فیشل ریکگنیشن سسٹم بھی متعارف کرایا جارہا ہے۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ڈیجیٹل سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور اینٹی منی لانڈرنگ فریم ورک کو جدید بنانا ہے۔ مجوزہ ترامیم کا مسودہ عوامی رائے کے لیے ویب سائٹ پر بھی جاری کردیا گیا ہے۔