بی سی بی کا مستفیض اور ناہید رانا کو این او سی نہ دینے کا فیصلہ

image

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے فاسٹ بالر مستفیض الرحمان اور ناہید رانا کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بقیہ میچز کے لیے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے باعث دونوں کھلاڑی اب لیگ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

بی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے میچ کے بعد میڈیکل اسٹاف نے مستفیض الرحمان کا معائنہ کیا ہے اور اب ان کا اسکین کروایا جائے گا۔ مستفیض الرحمان پشاور زلمی کا حصہ تھے، تاہم اب وہ بی سی بی کے میڈیکل اسٹاف کی نگرانی میں ری ہیب کے عمل سے گزریں گے اور ان کا پی ایس ایل کے لیے جاری کردہ این او سی ختم کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب فاسٹ بالر ناہید رانا کو بھی پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے ریلیز نہیں کیا جا رہا۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ ناہید رانا کے این او سی میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ پاکستان کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

دونوں بالرز اب پی ایس ایل چھوڑ کر وطن واپس اپنی فٹنس اور قومی ذمہ داریوں پر توجہ دیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US