پورٹ ٹرمینلز پر اسٹوریج چارجز میں کمی، برآمدکنندگان کو ریلیف فراہم کرنے کا اعلان

image

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے برآمدکنندگان کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کردیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے تحت ٹرمینلز پر اسٹوریج چارجز میں 25 سے 50 فیصد تک کمی کی جا رہی ہے، جس سے برآمدکنندگان کے مالی بوجھ میں نمایاں کمی آئے گی۔

وزیر بحری امور کے مطابق خلیجی ممالک جانے والی تاخیری شپمنٹس پر خصوصی رعایت دی جائے گی، جبکہ بندرگاہوں پر پھنسے کنٹینرز کے کارگو پر بھی اس ریلیف کا اطلاق ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کا مقصد مالی دباؤ کم کر کے ملکی برآمدات کو سہارا دینا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مختلف ٹرمینلز پر رعایت کا اطلاق مرحلہ وار کیا جائے گا۔ کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ (کے جی ٹی ایل) پر یکم سے 20 مارچ تک 50 فیصد اسٹوریج چارجز معاف ہوں گے، جبکہ کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل (کے آئی سی ٹی) پر یکم سے 10 مارچ تک 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ اسی طرح ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینلز (ایس اے پی ٹی) پر 11 سے 31 مارچ تک 25 فیصد کمی نافذ کی جائے گی۔

محمد جنید انوار چوہدری نے مزید کہا کہ لاجسٹک مسائل کے خاتمے اور کارگو کلیئرنس کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین ریئر ایڈمرل شاہد احمد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بندرگاہی نظام کو جدید تجارتی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US