لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائلی روسو نے کہا کہ ہم نے بورڈ پر اچھا اسکور سجایا تھا لیکن ڈیوڈ وارنر اور ریحان ہینڈرکس کی عمدہ بیٹنگ کے سامنے ہمارے رنز کم ثابت ہوئے۔
انہوں نے اپنی کارکردگی اور سنگ میل کے حوالے سے بتایا کہ یہ ان کا 400 واں میچ تھا جس میں انہوں نے 10 ہزار رنز مکمل کیے، اسی خوشی میں انہوں نے جشن منایا۔
روسو کا مزید کہنا تھا کہ پہلی اننگز میں بیٹنگ کرنا دوسری اننگز کی نسبت زیادہ مشکل تھا، جبکہ ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں حسن نواز اور خواجہ نافع کے بارے میں ان کا موقف تھا کہ دونوں باصلاحیت ہیں، تاہم کھیل میں کارکردگی کا گراف اوپر نیچے ہوتا رہتا ہے۔
دوسری جانب کراچی کنگز کے کھلاڑی رضوان اللہ نے کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ایس ایل کے تجربے سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
انہوں نے جیت کا سہرا ڈیوڈ وارنر اور ریزا ہینڈرکس کی بلے بازی کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کی بہترین شراکت داری کی وجہ سے ہدف کا تعاقب آسان ہو گیا۔ رضوان اللہ نے مزید کہا کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے بعد اب پی ایس ایل جیسے بڑے ایونٹ میں نمائندگی کرنا ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔