رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران پاکستان کی ایران سے درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کا حجم 78 کروڑ ڈالرز تک جا پہنچا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق گزشتہ برس اسی عرصے میں درآمدات کی مالیت 76 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز تھی، جس کا مطلب ہے کہ رواں سال ایران پر درآمدی انحصار میں تقریباً 2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
یاد رہے کہ دونوں ممالک نے باہمی تجارت کے حجم کو 10 ارب ڈالرز تک لے جانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے، اور گزشتہ مالی سال کے دوران بھی ایرانی درآمدات میں 18 فیصد کی نمایاں ترقی دیکھی گئی تھی۔
اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ مالی سال 2024-25 میں ایران سے منگوائی گئی اشیاء کی کل مالیت ایک ارب 22 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز رہی، جبکہ اس سے پچھلے سال یہ حجم ایک ارب 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب، ایران کو پاکستانی برآمدات کے حوالے سے صورتحال مختلف رہی ہے اور گزشتہ تین سالوں کے دوران بینکنگ چینلز کی عدم موجودگی اور امریکی پابندیوں کے باعث برآمدات کا حجم نہ ہونے کے برابر رہا۔ تاہم، حالیہ تجارتی اعداد و شمار دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے معاشی روابط کی نشاندہی کر رہے ہیں۔