حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم نے راولپنڈی کو بڑے مارجن سے ہرا کر پاکستان سپر لیگ کے گیارویں ایڈیشن کے پلے آف میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے، جس کے نتیجے میں لاہور قلندرز ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔
پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے حیدرآباد نے 245 رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں انہیں پلے آف میں رسائی کے لیے راولپنڈی کو 158 رنز تک محدود کرنا تھا، تاہم حیدرآباد کے بالرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پنڈی کی پوری ٹیم کو 136 رنز پر ہی آؤٹ کردیا۔ حیدرآباد کی جانب سے فاسٹ بالرز عاقف جاوید، حنین شاہ اور محمد علی نے مجموعی طور پر آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل حیدرآباد کی اننگز میں آسٹریلیا کے گلین میکسویل نے 37 گیندوں پر 70 رنز، سری لنکا کے کوسال پریرا نے 50 رنز اور عثمان خان نے 26 گیندوں پر 54 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر بڑا ٹوٹل ترتیب دیا۔
راولپنڈی کی جانب سے عثمان خواجہ 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کپتان محمد رضوان نے 26 رنز بنائے۔ اس فتح کے ساتھ ہی حیدرآباد کی ٹیم نے پشاور زلمی، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو پلے آف مرحلے میں جوائن کرلیا ہے۔
لیگ کا آخری میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا جس سے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن کا فیصلہ ہوگا۔