حکومتِ پاکستان نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے گوادر پورٹ کو ایران کے لیے ٹرانزٹ ٹریڈ کا باضابطہ "اسٹریٹجک گیٹ وے" قرار دے دیا ہے جس کے بعد خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
وزارت تجارت پاکستان کی جانب سے ایس آر او 691 جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت گوادر پورٹ کو ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے مکمل قانونی اور تجارتی حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔
حکومت نے ٹرانزٹ آف گڈز آرڈر 2026 بھی نافذ کر دیا ہے جس کے تحت پاکستان کے راستے ایران تک سامان کی ترسیل کی اجازت ہوگی۔ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے ٹرانزٹ روٹس بھی متعارف کرا دیے گئے ہیں۔
وزارت تجارت کے مطابق گوادر، کراچی اور تفتان بارڈر کو ٹرانزٹ روٹس کے طور پر مختص کیا گیا ہے جبکہ اب تیسرے ممالک سے ایران جانے والا سامان بھی پاکستان کے راستے گزر سکے گا۔
ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے نہ صرف پاکستان کی بندرگاہی اہمیت میں اضافہ ہوگا بلکہ علاقائی تجارت، سرمایہ کاری اور لاجسٹکس کے شعبے میں بھی نئی راہیں کھلیں گی۔