ایشین بیچ گیمز سنایا 2026 میں پاکستانی ریسلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہم فتوحات حاصل کرلی ہیں۔
70 کلوگرام کیٹیگری کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں محمد عبداللہ نے قازقستان کے ریسلر کو 'بیسٹ آف تھری' کے مقابلے میں 1-2 سے شکست دے کر گروپ اسٹیج کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
اسی طرح 80 کلوگرام کیٹیگری میں محمد اسد اللہ نے نیپالی پہلوان کو 1-3 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ہے جبکہ 90 کلوگرام میں محمد انعام نے قازقستان کے محسن باور زہان کو 0-3 سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں رسائی حاصل کی۔
دوسری جانب 90 کلوگرام کیٹیگری کے گروپ اسٹیج میں پاکستان کے محمد گلزار کو اپنے پہلے میچ میں بحرین کے ریسلر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مجموعی طور پر ایونٹ میں پاکستانی پہلوانوں کی پیش قدمی جاری ہے اور ان کی حالیہ کامیابیوں نے تمغوں کی امیدیں روشن کردی ہیں۔